مسلم لیگ ن کا شہباز حکومت کی پا لیسیوں پر اظہار اعتماد 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں لاہور میں مسلم لیگ (ن) کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شہباز شریف کی پالیسی پر اظہار اعتماد کیا گیا۔ اجلاس میں ملکی صورتحال پر غور وفکر اور درپیش مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ ملک میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سردیوں کی آمد سے سیلاب متاثرین کو درپیش مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے شہباز شریف سے معافی مانگنے پر نواز شریف اور شہباز شریف کو مبارکباد دی اور کہا کہ برطانیہ کی عدالت اور نیشنل کرائم ایجنسی کو بھی دھوکہ دیا گیا جبکہ اجلاس میں رانا ثناء اللہ کو منشیات سمگلنگ کیس میں بریت پر بھی مبارک باد پیش کی گئی۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی سرگرمیوں سے متعلق بھی حکومتی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے قرار دیا کہ چار سال میں لائی معاشی تباہی چھ ماہ میں ختم نہیں ہو سکتی۔ معاشی اشاریوں کی بہتری تک درست سمت کے تعین سے توقع ہے عوام کو ریلیف مل سکے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے اعلامیے میں کہا گیا کہ برطانوی اخبار کی معافی شہباز شریف کی بے گناہی کا ثبوت ہے۔ لندن ہائیکورٹ میں باضابطہ کارروائی کا سامنا کر کے شہباز شریف نے جرات مند روایت قائم کی ہے۔ ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر کے شہباز شریف نے ثابت کیا، اْن کا دامن صاف ہے۔ واضح ہوگیا کہ عمران خان اینڈ کمپنی نے جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ برطانیہ کی عدالت اور نیشنل کرائم ایجنسی کو بھی دھوکہ دیا گیا۔ یہ پاکستان کی عالمی ساکھ تباہ کرنے، پورے پاکستان کو چور دکھانے کی ساش تھی۔ اعلامیے کے مطابق یہ صحت و تعلیم، ترقیاتی منصوبوں اور زلزلہ متاثرین کے لئے عالمی امداد رکوانے کی گھناؤنی سازش تھی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے رانا ثناء اللہ کی منشیات سمگلنگ مقدمے  میں بریت پر اظہار تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے بے گناہ رانا ثناء اللہ کو انصاف دی۔ اللہ اور اس کے رسول کی قسمیں کھانے والے جھوٹوں کو آج اللہ تعالی سے توبہ کرنی چاہیے۔ رانا ثناء اللہ پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔ بہادر رانا ثناء اللہ نے بدترین سیاسی انتقام کے باوجود شکایت کا کبھی ایک لفظ نہیں کہا۔ وقت کے منصف نے سچ جھوٹ، کھرے کھوٹے، بے گناہ اور گناہگاروں میں واضح لکیر کھینچ دی ہے۔ بدترین سیاسی انتقام کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر رانا ثناء اللہ سمیت پارٹی اور سیاسی جماعتوں کے دیگر قائدین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ رانا ثناء اللہ کے خلاف جھوٹا کیس بننا اور عدالت سے ان کا بری ہونا عوام کے لئے بھی مثال ہے کہ سابق حکومت نے کس طرح جھوٹ پر جھوٹ بولا اور بے بنیاد مقدمے بنائے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سردار اویس احمد خان لغاری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک خصوصاً صوبہ پنجاب کی مجموعی سیاسی صورتحال اور  باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...