لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی پرویز الٰہی نے آج وزیر اعلی آفس میں یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ لاہور میں 9 ارب 18 کروڑ روپے کی لاگت سے پاکستان میں بچوں کی پہلی میڈیکل یونیورسٹی بنے گی اور2 ارب روپے کی لاگت سے بچوں کی ریڈیو تھراپی کا جدید سنٹر بھی بنایا جائے گا جبکہ ہر ڈویژن میں بچوں کے لئے ریڈیو تھراپی کے سنٹرز بنائے جائیں گے تاکہ بچوں کو ان کے گھروں کے پاس علاج معالجے کی جدید سہولتیں میسر ہو سکیں ۔ یہ اپنی نوعیت کی دنیا میں ایک منفرد اور جدید ترین میڈیکل یونیورسٹی ہو گی۔ عمران خان کے ویزن کے مطابق میانوالی سمیت کئی شہروں میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بن رہے ہیں۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز لاہور میں کالج آف پیڈیا ٹریک قائم کیا جائے گا۔ ا لائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی ٹریننگ کیلئے کالج آف الائیڈ سائنسز اور نرسوں کی ٹریننگ کے لئے کالج آف نرسنگ بنایا جائے گا۔ نومولود بچوں کا علاج اور دیکھ بھال کیلئے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ یونٹ بھی قائم کیا جائے گا۔ یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز ایکٹ 2021ء میں نے پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ دنیا بھر میں ہیلتھ ٹیکنالوجی میں ہر روز انقلابی تبدیلی آ رہی ہے۔