لاہور(نیوزرپورٹر)پی ٹی آئی لاہور کے زیر اہتمام مہنگائی، ناانصافی اور عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف سمن آباد ٹاؤن سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔جس میں سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ احتجاج صرف لاہور تک محدود نہیں بلکہ پورے پاکستان میں ہو گا، ہم چاہ رہے ہیں رمضان سے پہلے الیکشن کا انعقاد ہو جائے۔ لاہور میں ریلی نکالنے کا خاص مقصد ہے، ہم چاہتے ہیں ملک میں قومی و صوبائی سطح پر جلد از جلد الیکشن کا انعقاد ہو، پاکستان کی تاریخ میں ایسی صورت حال کبھی نہیں دیکھی، بیروزگاری کا سیلاب سڑکوں پر ہے، امپورٹڈ حکومت اپنے لیڈران کی دولت بچانے کے لئے جو کچھ ہو سکتا ہے کر رہی ہے، امپورٹڈ حکومت سے عوام کو ریلیف نہیں مل رہا۔اسلم اقبال نے کہا کہ جو این آر او لینے تھے یہ لے چکے ہیں، اپنے 11 سو ارب روپے سے زائد کے کیسز ختم کروا لیے ہیں، یہ الیکشن کی طرف نہیں آرہے، الیکشن کے نام سے لرز جاتے ہیں، ہم ملک کے اندر الیکشن چاہتے ہیں، جو مہنگائی کا سیلاب ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے ہم سب ایک پیج پر ہیں۔