لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے قرآن پاک کے ترجمے میں تحریف اور قرآن بورڈ کی اجازت کے بغیر قرآن چھاپنے کیخلاف دائر درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری نے یقین دہانی کروائی ہے کہ عدالتی احکامات پر سختی سے عمل ہوگا،سیکرٹری کے مطابق قرآن مجید کی اشاعت سے متعلق وزیر اعظم کابینہ میٹنگ کرینگے عدالت نے حکم دیا ہے کہ آئندہ کابینہ میٹنگ کی رپورٹ سمیت عدالتی حکم پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے۔ وزیرِ اعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری نے بتایا کہ وزیر اعلی متعلقہ اداروں کے حکام کیساتھ دو اجلاس کر چکے ہیں ۔پرنسپل سیکرٹری نے یقین دہانی کروائی کہ پولیس سمیت تمام ادارے عدالتی حکم کے نفاذ کیلئے تعاون کرینگے،عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر پنجاب سے متعلق عملدرآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔