گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )قوم کے نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنیوالے افراد لائق تحسین ہیں اور قوم کبھی بھی ان کے احسانات کا قرض نہیں چکا سکتی۔ اساتذہ کرام معماران قوم ہیں جنکی خدمات کوخراج تحسین پیش کرنا سب کا فرض ہے، اس سے اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وائس پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ گریجوایٹ کالج الحاج محمد یونس نے آنجہانی پروفسیر موسیٰ رضا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ا نہوں نے کہا کہ پروفیسر موسٰی رضا ذہین‘ قابل اور کہنہ مشق استاد تھے جن کی یادان کے تربیت یافتہ طلبہ وطالبات کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔ صدر شعبہ کیمسٹری پروفیسر خالد محمود رانا نے کہا کہ پروفیسر موسی رضا ہمہ وقت کوشاں رہتے تھے کہ مسیحی برادری کے لوگ بھی تعلیم حاصل کرکے باوقار اور معاشرے میں اعلی مقام حاصل کریں۔ آنجہانی پروفیسر موسٰی رضا کے دونوں صاحبزادوں نے بھی تعزیتی ریفرنس میں خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ڈاکٹر آدم رضا ، پروفیسر نوید شہزاد‘ پروفیسر ڈاکٹر محمد زمان چیمہ‘ پروفیسر حافظ جمیل احمد‘ صدر شعہ انگریزی پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد اور پروفیسر محمد اشرف رانا نے اپنے خطاب میں پروفیسر موسیٰ رضا کی تعلیمی و تدریسی خدمات کو سراہا ۔