کراچی میں اب دن رات ترقیاتی کام ہوتے نظر آئنیگے: گورنر سندھ


کراچی(نیوزرپورٹر)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے یہ مجرموں کا شہر بنتا جارہا ہے، سب کے ساتھ کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کیا جائے گا، پرائیویٹ سیکٹر اور مخیر حضرات کو کراچی کی تعمیر و ترقی میں شامل کریں گے، 72 ایکڑ رقبے پر مشتمل الہ دین پارک کی جگہ خوبصورت پارک بنائیں گے اور اس کا نام جناح پارک تجویز کیا گیا ہے، یہ بات انہوں نے ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن  کے ہمراہ الہ دین پارک کے دورے کے موقع پرکہی، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، چیف انجینئر الیکٹریکل غفار شیخ، سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی نعمان ارشد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں اب دن رات ترقیاتی کام ہوتا نظر آئے گا، نئے ایڈمنسٹریٹر کراچی تجربہ کار ہیں اور ان کے تجربے سے شہر کو فائدہ ہوگا، انہوں نے ایڈورٹائزر کمپنیوں سے کہا کہ شہر سے فوری طور پر آڑے ترچھے لگے ہوئے سائن بورڈ از خود ہٹا دیں ورنہ اگلے ہفتے سے سائن بورڈ ہٹانے کی بھر پور کارروائی شروع کی جائے گی، انہو ں نے کہا کہ جو دوکانیں یہاں تعمیر کی گئیں تھیں الہ دین کی سابق انتظامیہ نے ایسے لوگوں کو کمپنسیٹ نہیں کیا ان کے لئے وہ آباد سے بات کریں گے تاکہ اس کا کوئی حل نکالا جاسکے، انہو ں نے ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانسپورٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پارک کی جگہ پر بڑے پیمانے پر رکھے ہوئے بریئر فور ی ہٹائیں اور ان کا جو اضافی سامان اور گاڑیاں موجود ہیں انہیں بھی ہٹا لیا جائے اور تعمیراتی میٹریل کو بھی عارضی طور پردی گئی جگہ تک محدود کریں، انہو ں نے کہا کہ یہ سارے کام 18 تاریخ سے قبل ہونے چاہئیں اس کے بعد وہ خود اس پارک کا دورہ کریں گے، گورنر سندھ نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کل ہی اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے اور کل سے ہی شہر میں کام کا آغاز کر دیا ہے، لائٹیں درست کی جارہی ہیں، سڑکوں کے اطراف شجر کاری شروع کردی گئی ہے، موسمی پھول لگائے جارہے ہیں آج الہ دین کی جگہ نئے پارک کی تعمیر شروع کردی گئی ہے اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ میں اپنی بھر پور صلاحیتوں کے ساتھ شہر کی خدمت کا ارادہ رکھتا ہوں اور ہم سب شہر کی بہتری چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں کا چیلینج درپیش ہے اور پاکستان بھی اس کا شکا رہے، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مد نظر عمارتوں اور سڑکوں کے کنارے لگے ہوئے بل بورڈز کو ہٹایا جائے گا تاکہ بل بورڈ گرنے کی صورت میں کوئی جانی نقصان نہ ہو، انہو ں نے کہا کہ یہ پارک ہزاروں شہریوں کو تفریح کی سہولتیں مہیا کرے گا، اس پارک میں اربن فاریسٹ اور تفریح کی دیگر سہولتیں بھی مہیا کی جائیں گی، انہو ں نے کہا کہ کڈنی ہل کی طرح وہ اس پارک کی خود نگرانی کریں گے اور کے ایم سی اپنے وسائل سے اس پارک کو دن رات کام کرکے جلد سے جلد مکمل کرے گی، انہو ں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت پارکوں کی جگہ کوئی بھی دوسری تعمیر ات نہیں کی جاسکتی، اس لئے کے ایم سی کے تمام پارکوں سے تجاوزات کو ختم کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو سستی اور معیاری تفریح میسرآئے۔

ای پیپر دی نیشن