سکردو: پہاڑوں کے عالمی دن کے موقع اور مناسبت سے سکردو کے گاؤں سدپارہ میں ابھرتے ہوئے کوہ پیماؤں کو تربیت فراہم کرنے کے لیے انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز میجر جنرل کاشف خلیل نے سدپارہ ماؤنٹینیئرنگ اینڈ ایڈونچر انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھا جسے مشہور کوہ پیما علی سدپارہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت راجا ناصر علی خان، کمشنر بلتستان، ڈی آئی جی بلتستان، مقامی کوہ پیماؤں، طلبہ اور عالمی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیر سیاحت نے راجا ناصر علی خان کہا کہ یہ پاکستان کا بہترین کوہ پیمائی اور ایڈونچر سکول ہوگا، انہوں نے کہا کہ عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما انسٹی ٹیوٹ میں مقامی لوگوں کو رضاکارانہ طور پر تربیت فراہم کریں گے جب کہ اس خطے میں کوہ پیمائی کے مزید بھی 3 سکول قائم کیے جا رہے ہیں۔
تقریب کا اہتمام گلگت بلتستان حکومت اور پاک فوج کی حمایت میں کیا گیا تھا، منتظمین کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد خطے میں ایڈونچر ٹورازم کے امکانات کو تلاش کرنا اور ان کو فروغ دینا ہے۔ساجد سدپارہ نے کہا کہ سدپارہ گاؤں ”دنیا کے پہاڑی ہیروز“ کے طور پر جانا جاتا ہے، اس گاؤں نے عالمی سطح پر تسلیم کئے گئے کوہ پیما پیدا کیے جن میں ان کے والد مرحوم علی سدپارہ سمیت حسن سدپارہ، نثار سدپارہ اور دیگر شامل ہیں۔پاکستان سمیت دنیا بھر آج پہاڑوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، زمین کے طول و عرض میں پھیلی ہوئی یہ بلند و بالا چوٹیاں نا صرف اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ وہ انسانی ارتقا میں معاون ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ صدیوں سے انسانوں کو پینے کے لئے صاف پانی فراہم کرنے کا واحد ذریعہ بھی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال دنیا بھر سے 14 سو کوہ پیما مختلف چوٹیوں کو سر کرنے کے لیے پاکستان آئے۔