اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سابق چیئرمین تحریک انصاف کی مختلف مقدمات میں ضمانتوں،دوران عدت نکاح کیس کی سماعت آج ہو گی۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت آج اڈیالہ جیل میں ہو گی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سماعت کریں گے۔ احتجاج اور توڑ پھوڑ کے سلسلے میں اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوگی، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین سابق چیئرمین پی ٹی ائی عمران خان کی تین اور شاہ محمود قریشی کی دو مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت کریں گے۔ عمران خان کی دوران عدت میں بشری بی بی کے ساتھ مبینہ غیر شرعی نکاح کیخلاف کیس کی سماعت سینیئر سول جج کی عدالت میں ہو گی۔ عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے دوران عدت عمران خان اور بشری بی بی کے نکاح کیخلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی مختلف مقدمات میں ضمانتوں،دوران عدت نکاح کیس کی سماعت آج ہو گی
Dec 11, 2023