خضدار: سی ٹی ڈی کی گاڑی میں دھماکہ، ایس ایچ او شہید، 2 راہگیر زخمی

خضدار‘ اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے) بلوچستان کے دوسرے بڑے شہر خضدار کے سلطان ابراہیم خان روڈ پر بم دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی ) کے ایس ایچ او مراد جاموٹ  شہید ہوگئے جبکہ دو راہگیر زخمی ہوگئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او مراد جاموٹ خضدار سی ٹی ڈی تھانے تعینات تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جس میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔ نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے خضدار واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کر دیا۔ نگراں وزیر اعلیٰ نے پولیس افسر کے شہادت پر تعزیت و اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ پر معمور سکیورٹی فورسز پر حملہ قابل مذمت ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کر کے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔ علی مردان ڈومکی نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بھی اہلخانہ سے تعزیت کرتے کہا دہشتگرد بلوچستان میں امن کو سیوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ دھماکہ قابل مذمت ہے۔ ادھر جناح ٹاؤن آئی ٹی یونیورسٹی کوئٹہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور خاتون زخمی ہو گئی۔ سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا دکھ کی اس گھڑی میں شہید پولیس افسر کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں دھماکے میں زخمی راہگیروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی دہشت گرد سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیںوزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں بلوچستان سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے ۔

ای پیپر دی نیشن