کراچی (آئی این پی ) تجارتی پابندی کے باوجود بھارتی دھاگہ مختلف ممالک سے سمگل ہو کر پاکستان آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس نے کراچی میں انڈین دھاگے کی سمگلنگ پراربوں روپے کی ٹیکس چوری پکڑنے جانے کے بعد ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ کسٹمز حکام کو دھاگے کے درآمدی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے دوران دبئی، ملائیشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کے ذریعے ہندوستانی دھاگے کی غیرقانونی امپورٹ کا انکشاف ہوا۔ دھاگے کا لیبل اور پیکنگ تبدیل کر کے پاکستان بھیجا جاتا تھا جبکہ بھارت سے دھاگے کی درآمد پر 2019 سے پابندی عائد ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق دھاگے کی مقامی مارکیٹ میں فروخت سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔