راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی)کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ فواد چودھری کو اڈیالہ جیل سے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی کے ڈیوٹی جج غلام مصطفیٰ کی عدالت میں پیش کیا گیا ، ڈیوٹی سول جج نے فواد چودھری کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر تے ہوئے کل سوموار 11 دسمبر کو متعلقہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔سول جج غلام مصطفی نے محفوظ فیصلہ سنا دیا ، پولیس فواد چودھری کو لے کر جوڈیشل کمپلیکس سے روانہ ہوگئی۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اب تو معلوم ہوتا ہے کہ مر جائیں تو ہی کیس فکس ہو گا۔ راولپنڈی کی عدالت میں پیش کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جعلی کیسز بھگت رہا ہوں۔