لندن سے آ کر میاں صاحب پوچھ رہے ہیں مجھے کیوں بلایا: عبدالقادر پٹیل

لاہور (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ چالیس سال سے سیاست کرنے والے آج بھی عوام میں جانے سے بھاگ رہے ہیں۔ میاں صاحب جب سے لندن سے آئے ہیں، پوچھ رہے مجھے کیوں بلایا؟۔ وہ لاہور میں این اے 127سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کی طرف سے ڈونگی گراؤنڈ، آر بلاک ماڈل ٹاون میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کر رھے تھے۔کنونشن سے فیصل میر، نایاب جان، رائو سرفراز خرم فاروق، پاسٹر ولیم، ہما میر اور نویلہ میر نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں "اب کی بار۔ زرداری سرکار "کا نعرہ اور پارٹی نغمہ بھی متعارف کرایا گیا۔ عبد القادر پٹیل نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے، جس کا چیئرمین کے پی کے میں بھی جا کر کہہ رہا ہے الیکشن کراؤ اور شیروں کا شکاری لاہور میں بیٹھا ہوا ہے۔ میاں صاحب کا تو کوئی ہاتھ زور سے پکڑ لے تو کہتے ہیں کہ  جہاز لاؤ معاہدہ کروں گا۔ پیپلز پارٹی کا کوئی کارکن ایسا نہیں جس پر مظالم نہ ہوئے ہوں۔  جیالوں کے نعروں سے میاں صاحب گھر میں پریشان ہو رہے ہوں گے۔ فیصل میر نے نواز شریف کے گھر پاس جلسہ رکھ کر بڑا خطرناک کام کیا ہے۔ میزبان جلسہ اور این اے 127 سے پی پی کے متوقع امیداوار فیصل میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف تم نے ہمیشہ پی پی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ نواز شریف کے ہمسائیوں کو صاف پانی ملتا ہے نہ روزگا۔ یہ وہ وزیر اعظم تھا جس نے اپنے ہمسایوں کو بھی سہولتیں نہیں دیں۔ میں وعدہ کرتا ہوں میں اس علاقے میں صاف پانی فراہم کروں گا۔ ماڈل ٹاؤن کے سکولوں میں اس طرح کی سہولتیں دیں گے، جو نواز شریف کے لوگوں کو میسر ہیں۔

ای پیپر دی نیشن