لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دو خاندانوں نے سات دفعہ حکومتیں کیں۔ خود خوشحال، ملک کو بدحال کر دیا۔ جماعت اسلامی کی حکومت کسی خاندان کی نہیں، حقیقت میں عوام کی نمائندہ ہو گی۔ بار بار آزمائے ہوئے چہرے ملک کے مسائل حل کرنے کی بجائے، اضافے کا باعث بنے۔ نوجوان 8فروری کو دو خاندانوں کے محلات کا طواف کرنے کی بجائے ان کا احتساب کرنے کو تیار ہیں۔ دو خاندانوں کی حکومتوں کی وجہ سے 25کروڑ عوام بنیادی حقوق، بچے بچیاں تعلیم، نوجوان روزگار سے محروم ہیں۔ انہوں نے قومی ادارے تباہ کردئیے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور طاقتور حلقوں نے آئین کے ساتھ بے وفائی کی۔ اقتدار ملا تو ملک میں قرآن کی تعلیمات کے تحت حکومت نافذ کریں گے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی جیل سے رہا کرائیں گے۔ خواتین کے حقوق کی حفاظت کریں گے، ان کو وراثت میں حق دلائیں گے، خواتین کے لیے علیحدہ ٹرانسپورٹ، صنعتی یونٹ اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاولپور میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ محمد ظفر، امیر ضلع سید ذیشان اختر، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈاکٹر سمحیہ راحیل قاضی، تسنیم سرور، عظمیٰ نعیم، ڈاکٹر ثمینہ سعید بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے دو خاندان ہی ملک پر مسلط رہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ خواتین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ بہاولپور کی سرزمین پر شاید ہی اتنا بڑا اجتماع دیکھا ہو۔ یہ خواتین وڈیروں، جاگیرداروں، وڈیروں کے لیے نہیں بلکہ اللہ کی رضا، نبیؐ سے عشق، اسلامی نظام کے نفاذ اور اپنے مظلوم فلسطینی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بزرگوں کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں۔ مایوسی میں گرے لوگوں کو خواتین کے اس اجتماع نے حوصلے کا پیغام دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت غزہ جل رہا ہے، 25لاکھ فلسطین کی مائیں، بہنیں، بیٹیاں، بزرگ، جوان، بچے اسرائیل، امریکا، فرانس، برطانیہ، جرمنی کے بنائے ہوئے بموں کی آگ میں جل رہے ہیں۔ 58 اسلامی ممالک میر جعفر اور میر صادق کی بجائے وقت کے غزنوی، صلاح الدین ایوبی بنیں۔