اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو سوار محمد حسین شہید( نشان حیدر)کے 52ویں یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سوار محمد حسین شہید کو یوم شہادت پر خراج عقیدت کیا۔ سوار محمد حسین شہید نشان حیدر نے 1971 کی جنگ میں مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔ سپیکر نے کہاکہ سوار محمد حسین شہید کی بہادری اور شجاعت پر انہیں ملک کے اعلی ترین عسکری اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، پوری قوم سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کے 52ویں یوم شہادت پر ان کی بہادری و جرات پر سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں، قوم کو اپنے بہادر اور جری سپوتوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاک افواج کی مادر وطن کے لیے دی گئی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ، شہدا کی قربانیاں اتحاد ،اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خطہ پوٹھوہار کے بہادر سپوتوں نے ملک کی خاطر لازوال قربانیاں دی ہیں، خطہ پوٹھوہار شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین کہلاتی ہے۔
شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں، سپیکرقومی اسمبلی
Dec 11, 2023