آپ تلوار کے زور پر کہتے ہیں سول نافرمانی کرنے لگا‘ مطالبات مانو‘ ایسے نہیں ہوتا: عرفان صدیقی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ جب آپ تلوار کسی کے سر پہ رکھ دیتے ہیں کہ میں سول نافرمانی کرنے لگا ہوں، میرے مطالبات مانو، ایسے نہیں ہوتا ہے۔ آپ اپنی تلوار نیام میں ڈالیں اور کہیں ہم صدق دل سے خلوص کے ساتھ پاکستان کی ترقی کے لئے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ آپ پہلے دھمکیاں پوری کرلیں، سول نافرمانی بھی کرلیں، تھک ہار جائیں تو پھر آجائیں، ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ 26 نومبر اور 9 مئی کے سارے مقدمات عدالتوں کے اندر ہیں، انکوائریاں ہو رہی ہیں، کمیشن بیٹھے ہوئے ہیں، جج دیکھ رہے ہیں، وہ فیصلے کریں گے۔ سینیٹر عرفان صدیقی گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کے گھر گئے اور وزیراعظم کی طرف سے صدیق الفاروق کی عیادت اور مزاج پرسی کی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدیق الفاروق کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کو آپ کی صحت کے حوالے سے تشویش ہے اور انہوں نے اس سلسلے میں آپ کے علاج معالجے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عرفان صدیقی کے ایکس پر بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کے حکام نے سینٹ قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس میں بتایا کہ شام میں گھرے پاکستانیوں کے فوری انخلا کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ 180 زائرین میں سے 170  کو شام سے لبنان روانہ کیا جاچکا ہے۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ پاکستانیوں کو بیروت سے وطن لانے کے لئے خصوصی طیاروں کا انتظام کیا جائے۔ 

ای پیپر دی نیشن