اسلامی بینکاری پر منتقلی کیلئے چیلنجز درپیش‘ حجم 37 کھرب ڈالر ہو گیا: گورنر سٹیٹ بنک

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سٹیٹ بینک  جمیل احمد کے مطابق عالمی اسلامی بینکاری کا حجم 37 کھرب ڈالر ہو چکا ہے۔ آئندہ چند سال میں عالمی اسلامی بینکاری کی نمو  اور  بھی تیز ہوگی۔ کراچی میں اسلامی بینکاری سے متعلق  سیمینار  سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ اسلامی بینکاری پر منتقلی کیلئے کئی چیلنجز ہیں، تین اہم ترین ہیں۔ پہلا چیلنج پروڈکٹ اور خدمات کو شریعہ اصولوں سے مطابقت دینا ہے۔ دوسرا چیلنج حکومت کو اسلامی قرض گیری فراہم کرنا ہے۔ تیسرا بڑا چیلنج فعال اسلامی انٹربینک مارکیٹ بنانا ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ  اسلامی بینکوں کے عملے کی صلاحیت اور  معلومات کی فراہمی کی قابلیت کو بھی بڑھانا ہے۔ صارف کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے اسلامی پروڈکٹ کو سمجھانا ضروری ہے، ایوفی کے ذریعے اس سلسلے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔ معروف عالم دن  مفتی تقی عثمانی نے سیمینار  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ایوفی اسلامی بینکاری کی بنیادی ضرورتوں کو  پورا کر رہی ہے۔ اسلامی بینکاری کے اثرات دیگر شعبہ جات پر پڑ رہے ہیں۔ اسلامی بینکاری میں جو بھی ترقی ہو رہی ہے اسے سراہنا ہماری ذمہ داری ہے۔

ای پیپر دی نیشن