اسلام آباد ( خصو صی ر پور ٹ )ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان (ایچ ای سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے اشتراک سے انٹرورسٹی کرکٹ چیمپیئن شپ 10 دسمبر 2024 سے پشاور میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ اس چیمپیئن شپ کی میزبانی یونیورسٹی آف پشاور کر رہی ہے۔پاکستان کی جامعات میں 14 زونل مقابلوں کی کامیاب تکمیل کے بعد بہترین کھیل دکھانے والی جامعات کی 18 بہترین ٹیمیں اس چیمپیئن شپ میں حصہ لے رہی ہیں۔ایچ ای سی اور پی سی بی ملک میں گراس روٹس لیول پر کرکٹ میں بہتری کے لیے ایک معاہدے کے تحت کام کر رہے ہیں جس کا مقصد جامعات میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کی نشاندہی اور اس ٹیلنٹ کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہے جس سے بالآخر پاکستان کے کرکٹ ایکو سسٹم کو تقویت ملے گی۔اس سے قبل ایچ ای سی اور پی سی بی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ مردوں اور خواتین دونوں میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو فروغ دینے پر یکساں زور دیا جائے گا۔کرکٹ انٹر ورسٹی چیمپیئن شپ ایچ ای سی اور پی سی بی کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا ثبوت ہے جو پاکستان میں گراس روٹس پر کرکٹ کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے وقف ہے۔ایچ ای سی کو یونیورسٹی کرکٹ ٹیلنٹ کو فروغ دینے میں پی سی بی کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے جو ہمارے نوجوانوں کی مجموعی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔