فیض حمید کو سزا ہوگی، عمران اور بشریٰ بی بی کا بھی فوجی ٹرائل ہو سکتا ہے: واوڈا 

Dec 11, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) سینیٹر فیصل واوڈا نے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت دل بڑا کرے اور بات چیت کا عمل شروع کرے۔ جب تک ساتھ بیٹھ کر بات نہیں کریں گے، مسائل حل نہیں ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں  فیصل واوڈا نے کہا کہ مسائل کا حل صرف اور صرف سیاسی مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ سب کے مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا۔  دنیا میں بڑی بڑی جنگیں بھی بات چیت سے ختم ہوتی ہیں، سب کو سیاسی درجہ حرارت کم کرنا ہوگا ورنہ ملک کا نقصان ہوگا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے فیض حمید کا کورٹ مارشل کا آغاز کرکے بنیاد رکھی ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی ہو انصاف سے بالاتر نہیں۔ فیض حمید کو اس وقت کے وزیراعظم اور برسراقتدار پارٹی کی پشت پناہی ان کے ساتھ تھی۔ ارشد شریف شہید کا کیس بھی کھلے گا۔ شہباز  حکومت کو انجیکشن سے زندہ رکھا ہوا ہے۔ گوگی گینگ اب مشکل میں آچکا ہے۔ فیض حمید کا معاملہ صرف کورٹ مارشل تک محدود نہیں رہے گا بلکہ سزا بھی ہوگی۔ سابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) کی گواہی کے بعد بشریٰ بی بی اور عمران خان کا فوجی عدالت میں ٹرائل ہو سکتا ہے۔ فیض حمید ایک مہرہ تھا۔ جب فوج نے اپنے بندے کا ٹرائل کیا تو کیسے ممکن ہے کہ مہرے کو استعمال کرنے والوں کو ٹرائل نہ ہو۔ 

مزیدخبریں