گوادر (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے گوادر سب جیل کا دورہ کیا اور انڈر ٹرائل قیدیوں کو دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان کے ملک کے دور دراز اضلاع کے دورے جاری ہیں، دورہ گوادر کا آج دوسرا روز تھا۔ اس موقع پر چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور دیگر ججز بھی ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران چیف جسٹس نے قیدیوں کی فلاح و بہبود اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر زور دیا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بلوچستان کے ہر ڈویژن میں جیل کے قیام پر زور دیا۔ سرکاری حکام نے چیف جسٹس کو مکران اور ژوب ڈویژن میں جیلوں کے قیام کی یقین دہانی کروائی۔اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس کی زیر صدارت جوڈیشل کمپلیکس مکران میں اجلاس ہوا۔ جوڈیشل افسران اور مکران بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیف جسٹس نے خطاب میں کہا عدلیہ کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے بار کے تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ خواتین، بچوں اور معذور افراد کی انصاف تک رسائی کو ترجیح دی جائے۔ مکران بار کی جانب سے ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کا معاملہ اٹھایا گیا۔ مکران بار نے ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیوں کے سدباب کیلئے اقدامات کی درخواست کی۔ چیف جسٹس نے بار مسائل کے حل اور قانون کی حکمرانی کی یقین دہانی کروائی۔ چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات سے متعلق مختلف امور کی نشاندہی کی ۔