لاہور (کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر پاؤس لاہور میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر و ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز، نائب صدر و ریجنل چیئرمین سندھ سائوتھ عبدالموہمن و دیگر وفد سے ملاقات کے موقع پر کہاکہ انڈسٹری کا فروغ ہمارا مقصد ہونا چاہیے، بزنس کمیونٹی پیسہ کمائے گی تو حکومت کو بھی ریونیو آئے گا۔ اگر صنعتکاروں کو مفت زمین دی جائے تو صنعتکاری میں اضافہ ہو گا۔ سندھ حکومت بزنس کمیونٹی کو سپورٹ کرتی ہے۔ ایف پی سی سی آئی آفس میں آکر بزنس کمیونٹی کو یقین دہانی کراؤں گا کہ آپ کام کریں سند ھ حکومت آپ کو سپورٹ کرے گی۔ سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر کام کر رہی ہے۔ اجلاس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں بھی موجود تھے، میٹنگ کا اہتمام ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ کی طرف سے کیا گیا۔ مراد علی شاہ نے ذکی اعجاز کی سندھ میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کرنے اور پیڈمک اور فیڈمک کی طرز پر کمپنیز قائم کرنے کی تجویز کو سراہا اور کہاکہ کوئی بھی دوسرا صوبہ اچھا کام کر رہا ہو گا تو ضرور اسے سندھ میں بھی اپنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ خیر پور اور لاڑکانہ میں بھی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی ہیں، سندھ میں چینی سرمایہ کار بھی آ رہے ہیں۔ ذکی اعجاز نے کہاکہ دھابیجی میں لینڈ کی قیمت بہت زیادہ ہے، اس قیمت پر زمین لے کر انڈسٹری لگانا ممکن ہے۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ دھابیجی سپیشل اکنامک زون پر کام کر رہے ہیں کہ اس کی قیمت کیسے کم کی جائے۔ ذکی اعجاز اور عبدالموہمن نے کہاکہ سندھ یا پنجاب میں سے کوئی ایک صوبہ گیس انفرسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس ختم کر دے تاکہ بزنس کمیونٹی پر ٹیکسز کا بوجھ کم ہو۔انہوں نے مزید کہاکہ کراچی اور باقی سندھ میں روڈ انفرسٹرکچر اور انڈسٹریل اسٹیٹ کو بہتر کیا جائے۔
انڈسٹری کا فروغ مقصد ہونا چاہئے، وزیراعلیٰ سندھ کا لاہور میں بزنس کمیونٹی سے خطاب
Dec 11, 2024