اسلام آباد‘ ڈی آئی خان‘ راولپنڈی (خبر نگار خصوصی+ نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) بلوچستان کے علاقے ژوب میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 دسمبر 2024 کو، سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے عام علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران خوارج کے مقام پر مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں 15 خوارج کو ’جہنم واصل‘ کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی عارف الرحمان (عمر 32 سال؛ ساکن ضلع مانسہرہ) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو بے اثر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم سرغنہ سمیت 2فتنہ الخوارج کے دہشتگرد مارے گئے۔ 2ایس ایم جی سمیت بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوئے۔ مارے گئے فتنہ الخوارج کے دہشتگرد سکیورٹی اداروں کو بھتہ خوری، فورسز پر حملوں اور بارودی سرنگیں بچھانے کے مقدمات میں انتہائی مطلوب تھے۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 2دہشتگرد شیر زمان عرف مانی اور عطاء الرحمن عرف لالی مارے گئے۔ مارا گیا فتنہ الخوارج کا عطاء الرحمن عرف لالی دہشتگردوں کا اہم سرغنہ تھا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری‘ وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے ژوب میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے 15 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ صدر مملکت نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سپاہی عارف الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ژوب میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہا۔ وزیراعظم نے 15 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سپاہی عارف الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز ملکی دفاع میں شب و روز مصروف ہیں۔