گوجر خان‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ خبر نگار خصوصی+ این این آئی) سپاہی سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کی 53 ویں برسی منائی گئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سوار محمد حسین شہید پنجاب کے علاقے گوجر خان کے قریب ڈھوک پیر بخش میں 18 جون 1949 کو پیدا ہوئے۔ 10دسمبر 1971ء کو جام شہادت نوش کیا۔ جس وقت سوار محمد حسین کی شہادت ہوئی ان کی عمر محض 22 سال اور 6 ماہ تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 1971 کی جنگ میں سوار محمد حسین شہید نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا۔ دشمن کے 16 ٹینک تباہ کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔ بہادر بیٹوں کو قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوار محمد حسین شہید (نشان حیدر) کو ان کے 53 ویں یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سوار محمد حسین شہید نے 1971 کی جنگ کے دوران بے مثال جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کی معترف ہے اور وہ انہیں فراموش نہیں کرے گی۔ صدر مملکت نے سوار محمد حسین شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا پاکستانی قوم وطن عزیز کی بقا کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کے 53 ویں یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سوار محمد حسین شہید نشان حیدر نے 1971 کی جنگ میں بے مثال بہادری اور جرات کا مظاہرہ کیا اور دشمن کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹینک شکن توپوں سے دشمن کے 16 ٹینک تباہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔