لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے دورہ چین کا دوسرا روز بھی مصروفیت سے بھرپور رہا۔ مریم نواز نے چینی وزراء سے ملاقاتیں کیں اور کیمونسٹ پارٹی کے ظہرانے میں شریک ہوئیں۔ ملاقات میں ماحولیاتی بہتری، بائیو ڈائیورسٹی، انسداد سموگ، جنگلی حیات اور شجرکاری کے فروغ اور تحفظ کیلئے مل کر کام کرنے اور بیجنگ پنجاب کلین ائیر ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ چین کے تعاون سے ایڈوانس ائیر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا۔ چین ماحول دوست مشینری، توانائی، ای ٹرانسپورٹ اور ہائیڈرو پاور کے حوالے سے بھی مدد کرے گا۔ وزیراعلی نے پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے جڑواں شہروں اور صوبوں کی تجویز پیش کر دی اور پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کیلئے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔ مریم نواز نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔ مریم نواز سے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے منسٹر لیو جیان چائو نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پرتپاک خیر مقدم کرنے پر منسٹر لیو جیان چاؤ کا شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز نے لیو جیان چاؤ سے گفتگو میں کہا کہ چین کی ویژنری لیڈرشپ نے چین کو عالمی طاقت کے طور پر ابھرنے میں رہنمائی فراہم کی۔ پاک چین تعلقات کے فروغ میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ پاک چین سٹرٹیجک پارٹنر شپ ہر موسم کے گرم وسرد سے بالا تر ہے۔ لوکل گورننس اور دیہی ترقی کیلئے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ یوتھ ایمپاورمنٹ اور استعداد کار میں اضافے کیلئے چین کے تعاون کو سراہیں گے۔ مریم نوازشریف کے اعزاز میں بیجنگ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے حکام کی طرف سے خصوصی ظہرانہ دیا گیا۔ مریم نواز نے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کی نائب منسٹر سن ہائی ین اور دیگرحکام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ جامع شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے پاک چین تعلقات کے فروغ کیلئے جڑواں صوبوں اور شہروں کی تجویز پیش کی۔ مریم نواز نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، ویسٹ مینجمنٹ، ایگریکلچر اور یوتھ ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں چین کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ چین کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کیلئے پختہ عزم رکھتے ہیں۔ مریم نواز چین کی وزارت ماحولیات میں ایکالوجی اینڈ انوئرمنٹ کے وزیر ہوانگ رنچیو سے ملاقات کی۔ بیجنگ پنجاب کلین ائیر‘مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب پنجاب کی نمائندگی کریں گی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ چین کے تعاون سے پنجاب میں ایڈوانس ائیر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا۔ چین اور صوبہ پنجاب میں ماحولیاتی علوم کا تبادلہ، پالیسی کوآرڈینیشن، استعداد میں اضافے، ڈیٹامانیٹرنگ اور شئیرنگ، گرین اربن پلاننگ، ٹیکنالوجی کا ٹرانسفر ممکن ہوسکے گا۔چین ماحول دوست توانائی اور ٹرانسپورٹ کے اجرا کے حوالے سے صوبہ پنجاب کی مدد کرے گا۔پنجاب میں ای ٹرانسپورٹ سسٹم کے لئے چین کے تجربات وزیر ایکالوجی اینڈ انوئرمنٹ نے ماحولیاتی تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی حفاظت کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کو بریفنگ بھی دی۔ ماحولیاتی بہتری کے لیے پنجاب میں ماڈل شہر بنانے کا منصوبہ شروع کرنے کے حوالے سے بھی چینی وزیر کو آگاہ کیاگیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری کے لئے آپ کا وژن، ذاتی کردار، تجربہ اور مہارت متاثر کن ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالتے ہی سموگ سے بچاؤ اور ماحول کی بہتری کا اپنی نوعیت کا پہلا جامع پلان دیا۔ چین کے شہری منصوبہ بندی اور اسمارٹ شہروں کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ سی پیک پاکستان کی ترقی کے حوالے سے نہایت اہم ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر انسان رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر انسانی حقوق رکھتا ہے۔ دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا داعی ہے۔ انسانی حقوق کا احترام معاشرے کی ترقی، خوشحالی کا سنگِ بنیاد ہے۔ حکومت پنجاب انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے سرگرم عمل ہے۔مریم نواز شریف نے بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگرس سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین لی ہانگ زونگ سے ملاقات کی۔ لی ہانگ زونگ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی سینٹر ل کمیٹی کے پولیٹکل بیورو کے رکن بھی ہیں۔ ملاقات میں پاک چائنہ سٹرٹیجک پارٹنر شپ کو مزید مستحکم کرنے کے عزم پر اتفاق کیا گیا۔ مسٹرلی ہانگ نے پاک چین تعلقات کے فروغ کے لئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی فیملی کمٹمنٹ کو سراہا۔ وزیراعلی نے اپنے حالیہ دورہ چین کو پولیٹکل لیڈرز کی ینگ جنریشن کیلئے دوستی کی شمع قرار دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے تجربات اورمشاہدات سے فائدہ اٹھا کر پنجاب کی گورننس میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ دورہ چین میرا باقاعدہ پہلا سرکاری وزٹ ہے۔ میرا دورہ چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے استحکام کی عملی کاوش کا مظہر ہیں۔ لی ہانگ زونگ نے کہا کہ چینی قیادت پاک چائنہ کوریڈورکے منصوبے کو مزید بہتر بنا کر باہمی تعلقات کو عروج پر لے جانا چاہتی ہے۔ چائنہ کے گورننس سسٹم، جیو پولیٹیکل امور، ڈویلپمنٹ اورکلچر کے امور مریم نواز کی بصیرت قابل تحسین ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ اور استحکام کیلئے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔