ایف آئی اے کو ایف بی آئی طرز پر جدید ترین ادارہ بنانا چاہتے ہیں: وزیر داخلہ

Dec 11, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا، کنٹری ڈائریکٹر آئی این ایل لائن نیلسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی گفتگو ہوئی، نیٹلی بیکر نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوران ملاقات اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون فراہم کرے گا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید ترین ادارہ بنانا چاہتے ہیں، اس ضمن میں امریکہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، امریکہ نیشنل فرانزک ایجنسی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کرنے میں بھی معاونت فراہم کرے گا، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہم ہے۔ دہشتگردی اورہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئیسول آرمڈ فورسزکوجدید آلات اورسازوسامان کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے،سول آرمڈ فورسزکوجدید آلات اور سازوسامان سے لیس کرنا ترجیح ہے، پاکستان اور امریکہ کے مابین بہترین تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ قانونی دستاویزات کے حامل کسی بھی غیر ملکی کو اسلام آباد سے نہیں نکالا جا رہا، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے پر پاکستانی حکام کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں۔نیٹلی بیکر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔

مزیدخبریں