آرمی چیف سے عالمی سطح پر سب سے زیادہ چیلنجنگ فوجی مشق جیتنے والی ٹیم کی ملاقات، مبارکباد دی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف آرمی  سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے برطانیہ میں منعقد ہونے والی "مشق کیمبرین پیٹرول"  میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پاک آرمی کی ٹیم نے ملاقات کی۔ یہ مشق 4  سے 13  اکتوبر 2024 ء کو برطانیہ میں منعقد ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیمبرین پیٹرول مشق جسے عالمی سطح پر سب سے زیادہ چیلنجنگ فوجی مشقوں میں سے ایک کے طور پر جانا جاتا ہے، میں 143  ٹیموں نے شرکت کی۔ پاک فوج کے دستے نے غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی بار یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ آرمی چیف نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کے وقار کو بلند رکھنے کے لیے ٹیم کی شاندار کامیابی کو سراہا۔ کیمبرین پٹرولنگ مشق برطانیہ کے دشوار گزار پہاڑی علاقے ویلز میں کی جاتی ہے، اور یہ جسمانی برداشت، بہترین حکمت عملی اور ذہنی استقامت کا ایک مشکل امتحان ہے۔ یہ مقابلہ ٹیم ورک، قیادت، نظم و ضبط، ہمت اور عزم کا مظہر ہے اور فوجی مہارت کے لیے ایک معیار کے طور پر جانا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن