اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف کورٹ مارشل کارروائی کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں انہیں چارج شیٹ کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اگست 2024 ء کو پاکستان آرمی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمیدکے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے اگلے مرحلے میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمیدکو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ان چارجز میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے ریاست کے تحفظ اور مفاد کو نقصان پہنچانا، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا شامل ہیں۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران ملک میں انتشار اور بدامنی سے متعلق پرتشدد واقعات میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمیدکے ملوث ہونے سے متعلق علیحدہ تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ ان پرتشدد اور بدامنی کے متعدد واقعات میں 9 مئی سے جڑے واقعات بھی شامل تفتیش ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان متعدد پرتشدد واقعات میں مذموم سیاسی عناصر کی ایما اور ملی بھگت بھی شامل تفتیش ہے۔ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمیدکو قانون کے مطابق تمام قانونی حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں۔
’’سیاسی سرگرمیاں ریاست کے تحفظ اور افراد کو نقصان‘‘ فیض حمید چارج شیٹ: 9 مئی واقعات پر تفتیش
Dec 11, 2024