ملک بھر میں واٹس ایپ ہیک ہونے کی شکایات سامنے آرہی ہیں جس میں اہم شخصیات بھی نشانہ بنی ہیں۔ملک میں گزشتہ چند ماہ کے دوران متعدد صارفین نے واٹس ایپ ہیک ہونے کی شکایات کی ہیں، اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی میں بھی 50 کے قریب شہریوں نے واٹس ایپ ہیک ہونے کی شکایات کی ہیں۔شہریوں کے علاوہ اہم سماجی شخصیات کا واٹس ایپ بھی ہیک کیا گیا ہے جن میں سپریم کورٹ کے سابق سینئر جج جسٹس وجیہ الدین احمد، سی پی ایل سی کے سابق چیف احمد چنائے سمیت متعدد اہم شخصیات کے بھی گزشتہ دنوں واٹس ایپ ہیک کیے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل عامر نواز کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم سرکل کراچی میں بھی اس حوالے سے متعدد شکایات رپورٹ ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فنانشل فراڈز میں ملوث ملزمان ہی یہ کام کر رہے ہیں اور زیادہ تر ملزمان جنوبی پنجاب میں بیٹھ کر فنانشل فراڈز کررہے ہیں اور شہریوں سے پیسے مانگتے ہیں، ملزمان فون کی رابطہ لسٹ میں شامل افراد کو میسج کرکے پیسے مانگتے ہیں اور سادہ لوح شہری ان کو پیسے بھیج دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بہت سے شہریوں کے واٹس ایپ ہم نے ریٹریوو ( بحال) کرکے دیے ہیں، اس حوالے سے سائبر کرائم سرکل ملتان سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور ان شکایات پر ہم کام کر رہے ہیں۔سائبر کرائم حکام کے مطابق کسی کو بھی اپنا 6 نمبر والا رجسٹریشن کوڈ جو کہ ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے آتا ہے شیئر نہ کریں، ٹو اسٹیپ ویری فکیشن کو فعال کریں، صرف اپنے جاننے والوں کو اپنی پروفائل فوٹو کو دیکھنے کی اجازت دیں، اگر کوئی آپ کا جاننے والا آپ سے پیسے طلب کرتا ہے تو کال کرکے اس سے تصدیق کریں اور کوئی بھی غیر ضروری اور غیر محفوظ لنک کو اوپن نہ کریں۔