ایشین کلاسک پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے نوح دستگیر بٹ نے نئی تاریخ رقم کردی، نیا ایشین ریکارڈ قائم کردیا‘ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ کے مقابلے ازبکستان کے شہر تاشقند میں ہورہے ہیں جن میں پاکستان کے کھلاڑی بھی شریک ہیں ‘ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے قومی ہیروپاور لفٹنگ اسٹار نوح دستگیر بٹ نے ایشین پاور لفٹنگ میں 120 پلس کیٹگری میں 400کلوگرام وزن اٹھا کر گولڈ میڈل اور نیا ایشیائی ریکارڈ اپنے نام کیااس سے پہلے یہ ریکارڈ 393کلو گرام تھا اس طرح نوح دستگیر بٹ نے 400کلو گرام وزن اٹھا کر نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے جوکہ 10من بنتا ہے ،تائیوان کے وانگ پی یو 380 کلوگرام اور روس کے کونو ایلوف آندرے 365کلو گرام وزن اٹھا سکے، نوح دستگیر بٹ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے اسکواٹ میں گولڈ میڈل جیتا ہے اور ایشیا کا ریکارڈ بھی توڑا ہے، بنچ پریس میں سلور میڈل لیا ہے، ڈیڈ لفٹ میں بدقسمتی سے شولڈر میں انجری کے باعث میڈل نہیں لے پایا، ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے عزت سے نوازا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی نے پاور لفٹنگ میں ایشین ریکارڈ توڑا ہو، آنیوالے مقابلوں میں اس سے بھی بہتر رزلٹ لے کر آئیں گے‘ میرا وعدہ ہے کہ اگلے سال جب یہ ایشین چمپئین شپ دوبارہ ہوگی، تو تینوں ایونٹس میں گولڈ میڈل جیتوں گا اور پاکستان کے نام ریکارڈ کروں گا، گولڈ میڈل ماں باپ کی دعائوں اور محنت کا صلہ ہے۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے جنوبی افریقہ میں ہونے والی کامن ویلتھ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 طلائی اور ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ سن سٹی میں اپنے پہلے پاور لفٹنگ مقابلے میں 370 کلو گرام وزن اٹھا کر پاکستان کے پہلے پاور لفٹنگ گولڈ میڈلسٹ کے طور پر تاریخ میں اپنا نام روشن کیا۔