پاکستان کےسپیڈ سٹار فاسٹ بولر حارث رؤف نے ماہ نومبر2024 کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔حارث روف کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ماہ نومبر کا پلیئر آف دی منتھ قرار دیا ہے۔ کرکٹ کی عالمی تنظیم نے پاکستانی اسٹار فاسٹ بولر کو یہ اعزاز دورہ آسٹریلیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دیا ہے۔ آئی سی سی نے ان کے ساتھ جنوبی افریقہ کے مارکو جینسن اور بھارت کے جسپریت بمراہ کو بھی شامل کیا تھا۔ تاہم حارث رؤف کی آسٹریلیا کے میدان میں تین ون ڈے میچوں میں 10 وکٹیں اور ماہ نومبر میں مجموعی طور 18 وکٹوں کی کارکردگی نے دیگر حریفوں کی کارکردگی کو دھندلا دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان نے آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں دو، ایک سے شکست دی۔ یہ 22 سال بعد پاکستان کی کینگروز کے دیس میں ون ڈے سیریز میں فتح تھی۔ اس سیریز کے ہیرو حارث رؤف رہے جنہوں نے اپنی شاندار بولنگ سے کسی آسٹریلوی بلے باز کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور 10 وکٹیں لے کر وہ ٹاپ وکٹ ٹیکر اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ اس سے قبل اکتوبر میں پاکستانی اسپنر نعمان علی نے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ انہیں یہ اعزاز انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں 20 وکٹوں کی کارکردگی پر دیا گیا ہے۔ اس کارکردگی کی بدولت پاکستان ساڑھے تین سال بعد اپنی سر زمین پر کوئی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔