لاہور (نامہ نگار) لاہور میں ڈاکوﺅں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ برکی میں ڈاکوﺅں نے مزاحمت کرنے پر امام مسجد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق برکی کے علاقہ ٹھیٹھر پنڈ میں 27سالہ امام مسجد قاری خلیل احمد موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ دو ڈاکوﺅں نے گن پوائنٹ پر روک لیا اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ اور قاری خلیل احمد کی جیب سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔ جبکہ زخمی قاری خلیل موقع پر دم توڑ گیا۔ ڈاکوﺅں نے ڈیفنس میں شہباز کے گھر میں اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 10لاکھ، اقبال ٹاﺅن میں جاوید کے گھر سے 6لاکھ، فیصل ٹاﺅن میں نذیر چوہان کی فیملی سے 6لاکھ، سندر میں کامران کے گھر سے 4لاکھ، شاہدرہ میں فیصل کے گھر سے 4لاکھ کی نقدی، زیورات، موبائل اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ گلشن راوی میں ڈاکوﺅں نے ناکہ لگا کر خادم حسین وغیرہ 10افراد سے ایک لاکھ روپے اور 7موبائل لوٹ لئے۔ غالب مارکیٹ میں ڈاکوﺅں نے دانیال سے 80ہزار او ردو موبائل، ڈیفنس میں مزمل سے 60ہزار اور دو موبائل، لٹن روڈ میں عمران سے 50ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے شادمان میں فیصل سے، اقبال ٹاﺅن میں سے صفدر کی گاڑیاں، اقبال ٹاﺅن میں سے نادر کا کیری ڈبہ جبکہ ڈیفنس اے میں سے عثمان، باغبانپورہ میں ذیشان، ہنجروال میں نذیر، غازی آباد میں ذوالفقار، مصری شاہ میں محمد رفیع، اسلام پورہ میں شبیر، غازی آباد میں ناصر، شفیق آباد میں وسیم، ماڈل ٹاﺅن میں فاروق، سبزہ زار میں حسنین، فکیٹری ایریا میں شاہد، گلبرگ میں ماجد، گلبرگ میں اعظم، فیکٹری ایریا میں خرم، اچھرہ میں شعیب، شاہدرہ میں علی رضا، ڈیفنس میں میں موسیٰ، شاہدرہ میں محمد اقبال، سبزہ زار میں ظفر اقبال، شاہدہ میں نوید اور کوٹ لکھپت میں سے امین کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔