لاہور+چکوال(خبر نگار+نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن کی تشکیل نو میں زیادہ وقت نہیں لگے گا نگران حکومت کے حوالے سے مجھ سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی وکٹیں ایک گیند سے اڑاو¿ں گا، شہبازشریف نے پورے پنجاب کے عوام کا پیسہ چھین کر میٹرو بس پر لگا دیا، زرداری صاحب بتائیں لاہور میں تعمیر کئے جا نے والے 120کنال کے محل کےلئے پیسہ کہاں سے آیا اور اس پر کتنا ٹیکس ادا کیا گیا، ترقی اور خوشحالی کےلئے کرپشن اور ٹیکس چوری روکنا ہوگی، موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا ہے، خیبر پی کے اور پنجاب میں لوگ مکھیوں کی طرح مارے جا رہے ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف کینہ پروری اور انتقام کی سیاست کرتے ہیں، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کی اننگز ختم ہوچکی ہیں۔ تحریک انصاف کسی سے اتحاد نہیں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا میٹرو بس منصوبہ 80 سے 90 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنی باریاں مقرر کررکھی ہیں، اور الیکشن کمیشن پر بھی مک مکا ہوا ہے،نیا پاکستان بننے جا رہا ہے۔ نئے پاکستان میں کرپشن کا خاتمہ اور ٹیکس چوروں کو پکڑا جائیگا، ترقی کے لئے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آ نے والا الیکشن پیپلز پارٹی اور ن لیگ مل کر لڑیں گی اور ا سکے لئے دونوں جماعتوں میں مک مکا ہوچکا ہے۔ میں نے فاٹا میں فوج نہ بھیجنے کی بات کی تو مجھے طالبان خان کا لقب دیا گیا آج سب خود مذاکرات کی بات کر رہے ہیں ہم اقتدار میں آکر کرپٹ لوگوں کو جیل بھجوائیں گے۔ آصف زرداری، شریف برادران اور مولانا فضل الرحمن مل جائیں تو بھی پی ٹی آئی سب کا مقابلہ کرے گی۔ ملک کے 18 کروڑ عوام کی اکثریتی قوت کے ساتھ مل کر ان کو فیصلہ کن شکست دیں گے۔ ملک کے 18 کروڑ عوام نے تبدیلی کے لئے اپنا ذہن بنا لیا ہے۔ زرداری صاحب بتائیں 120 کنال محل بنانے کے لئے رقم کہاں سے آئی؟ اس موقع پر معروف ماہر تعلیم اور محسن چکوال کے پوتے راجہ یاسر سرفراز پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔عمران خان نے کہا کہ 15 مارچ تک تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات مکمل ہو جائیں گے چیئرمین کا بھی انتخاب ہوگا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ 23 مارچ کو لاکھوں افراد کے ساتھ مینار پاکستان میں جشن جمہوریت منائیں گے۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کسی سے الائنس نہیں کرے گی بلکہ تنہا الیکشن میں حصہ لے گی تاہم ان کا کہنا تھا کہ اہم معاملات پر نظریاتی جماعتوں سے مل سکتے ہیں۔ عمران خان نے ینگ ڈاکٹرز پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پرامن مظاہرین پر ریاستی جبر و تشدد کے ذمہ دار عناصر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔