ویمنز کرکٹ ورلڈکپ : آسٹریلوی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی‘ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا

Feb 11, 2013


ممبئی + کٹک (نیوز اےجنسیاں)آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔برابورن سٹیڈیم، ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی ویمن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45.2 اوورز میں 131 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی، دیپکا راسنگیکا 43 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایرن اوسبرن نے تین جبکہ لیسا ستھیلیکر اور میگان سکٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آسٹریلیا ویمن نے ہدف 22.2 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ریشل ہینز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ میگ لیننگ نے 37 اور جیس کیمرون نے 22 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے 78 رنز کا آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 29.3 اوورز میں 77 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی، ڈین وان نیرک 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکیں۔ انگلینڈ کی جانب سے اینا شربسول سب سے کامیاب باﺅلر رہیں انہوں نے 17 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ ڈینیلا وائٹ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلینڈ ویمن نے ہدف 9.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایرن برنڈل نے 28 اور لیڈا گرین وے نے 25 رنز بنائے۔ اینا شربسول کو میچ کی بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔آج واحد میچ میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ممبئی میں نبردآزما ہوں گی۔

مزیدخبریں