پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل حتف نائن نصر کا کامیاب تجربہ کرلیا، میزائل ساٹھ کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شارٹ رینج میزائل حتف نائن نصر کے تجربے کے موقع پر دومیزائل فائر کیے گئے جنہوں نے کامیابی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنایا، زمین سے زمین تک مار کرنے والا حتف نائن نصر ساٹھ کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے، اینٹی ٹیکٹیکل میزائل ڈیفنس سسٹم کو مات دینے کیلئے بنایا گیا یہ میزائل اپنے ساتھ جوہری ہتھیار لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں، دیگر اعلیٰ فوجی حکام، سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل ٹیسٹ کرنے کی تقریب میں شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل خالد شمیم وائیں نے میزائل کے کامیاب تجربے پرشرکاء کومبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کے خلاف ملکی سرحدوں کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی سائنسدانوں اور انجینئرز کی اس کاوش کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن