اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کو بچگانہ کہنے والے وہی ہیں جنہوں نے اپنے مفادات کی خاطر پاکستان ، آئین اور اداروں کو موم کی ناک بنائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کی ناکامی کی پیش گوئیاں کرنے والے ملک اور قوم کی خیر خوا ہ نہیں ۔ پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے بچانے کے لئے پوری قوم حکومت کی پشت پر کھڑی ہے ۔ ملک مزید ایڈونچرازم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ آمریت میں ہر مسئلے کا حل طاقت اور گولی سے نکالا جاتا ہے جبکہ جمہوریت میں مذاکرات اور برداشت سے کام لے کر معاملات کو مثبت سمت میں لے جانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ حکومت قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے قومی سیاست کے اعتماد اور اتفاق ِ رائے سے اقدامات کر رہی ہے ۔ہماری نیت صاف اور معاملات کار میں شفافیت ہے کوئی بد ترین مخالف بھی ہمارے ارادوں اور اقدامات پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔
مذاکرات کی ناکامی کی پیشگوئیاں کرنیوالے ملک، قوم کے خیر خواہ نہیں: مشاہداللہ
Feb 11, 2014