مذاکرات کی کامیابی کیلئے مثبت پیشرفت سے قوم مسرور و مطمئن ہے: لدھیانوی

Feb 11, 2014

لاہور (خصوصی نامہ نگار)اہلسنت و الجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا پاکستان کی منزل مکمل نفاذ شریعت ہے، طالبان کی جانب سے مذاکرات کی کامیابی کیلئے مثبت پیشرفت سے قوم میںمسرور و مطمئن ہے۔ فوجی آپریشن اور دھماکوں سے وطن عزیز کی سلامتی خطرے میں پڑجائیگی۔ اسلامی معاشرے کی تشکیل کیلئے آئین میں آئینی طریقہ سے اصلاحات ناگزیر ہیں۔ اسلامی دفعات کے نفاذ میں رخنہ ڈالنے والی قوتیں اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔ ان خیالات کا اظہار اہلسنت والجماعت پاکستان کے سربراہ علامہ محمداحمد لدھیانوی نے حکومت طالبان مذاکرات میں مثبت پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا دنیا کی تمام طاقتیں اپنی ریاست میں قیام امن کیلئے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دیتی ہیں، اس وقت پاکستان شدید خطرات سے دوچار ہے، ایسے میں مذاکرات کا کامیاب ہونا پوری قوم کا خواب ہے، جسے وہ شرمندہ تعبیر ہوتا دیکھنا چاہتی ہے، مذاکرات سے امن قائم، قومی تعمیر و ترقی میں حائل رکاوٹیں دور اور ملک دشمن قوتیں بے نقاب ہوں گی اور یہ ملک جن اعلیٰ اقدار کی ترویج اور جن عظیم مقاصد کیلئے قائم کیا گیا تھا وہ عملی حقیقت کا روپ دھار سکیں گی۔  لدھیانوی نے کہاملک میں دہشت گردی، فرقہ واریت حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ سابق ڈکٹیٹر نے طاقت کے بل بوتے پر پورے ملک کو آگ میں دھکیل دیا تھا جس کا خمیازہ آج پوری قوم نعشوں کی صورت میں اٹھا رہی ہے، فریقین کا مطالبات پر اتفاق کرنا خوش آئند ہے، جانبین کو ایک ایک قدم سوچ سمجھ کر اٹھانا ہوگا۔

مزیدخبریں