پی آئی اے کا نئے جہازوں پر ڈیوٹی، ٹیکس چھوٹ کیلئے وزارت خزانہ سے رجوع

Feb 11, 2014

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انکار کے بعد لیز پر لیے جانیوالے دس نئے جہازوںکی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ حاصل کرنے کیلئے وزارت خزانہ سے رجوع کرلیا ہے اس ضمن میں ذرائع نے بتایا ہے کہ قانون میں لیز پر لئے جانیوالے جہازوں کو ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دینے کی کوئی شق اور گنجائش موجود نہیں ۔دوسری طرف وفاقی حکومت کی طرف سے پی آئی اے کی نجکاری کیلیے منظور کردہ پلان کے تحت پی آئی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ نجکاری پراسیس کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کم سے کم لاگت میں بہترین سفری سہولتیں دینے والے جہازوں کو لیز پر لینے اور پی آئی اے کے رْوٹس کی ریشنلائزیشن کا سلسلہ بھی جاری رکھے گی تاکہ پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے اور اسکی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ پلان کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن دس مزید نئے جہاز لیز پر حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنے بند ہونے والے منافع بخش فضائی روٹس کو دوبارہ سے بحال کرکے پروازیں شروع کرسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کی طرف سے ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دینے سے انکار کیے جانے کے بعد پی آئی اے حکام نے وزارت خزانہ سے رجوع کیا ہے تاکہ خصوصی کیس کے طور پر پی آئی اے کو لیز پر لیے جانیوالے جہازوں کو کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے چھوٹ دی جاسکے۔ توقع ہے یہ معاملہ ای سی سی کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔

مزیدخبریں