پشاور+ لنڈی کوتل (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) پشاور میں مبینہ خودکش دھماکے میں چار خواتین جبکہ ہنگو کے گائوں کچ بانڈے کے پرائمری سکول میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے سکول کے تین اساتذہ جاں بحق ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں چمکنی تھانے کے ایس ایچ او احسان شاہ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ جمیل چوک کے اس علاقے میں موجود ایک قبرستان میں قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرکے آنے والے ایک خاندان کے کسی فرد کا جنازہ تھا جس پر خودکش حملہ آور کے حملہ کرنے کا منصوبہ تھا۔ اطلاع پر پولیس نے کارروائی شروع کی اور جب مشتبہ شخص کا پیچھا کیا تو وہ ایک گھر میں گھس گیا جس میں خواتین قرآن خوانی کر رہی تھیں اور اس کے بعد دھماکہ ہو گیا جس سے 4خواتین جاں بحق ہو گئیں، دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ دھماکے سے مکان کا فرنٹ تباہ ہو گیا جبکہ علاقہ لرز اٹھا، قریبی گھروں، گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، 5زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا اور 2 مشتبہ خودکش حملہ آور ساتھیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دریں اثناء ہنگو کے علاقے کچ بانڈہ کے پرائمری سکول میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے تین اساتذہ کو گولی مارکر قتل کر دیا جبکہ پولیس نے 15مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ ہنگو تھانے کے ایس ایچ او عظمت بنگش نے بتایا کہ یہ واقعہ دو بجے سکول میں چھٹی کے بعد پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’چھٹی کے بعد جب سب بچے اپنے گھروں کو جا چکے تھے تو کچ بانڈہ کے بغیر چاردیواری والے پرائمری سکول میں کھڑے تین اساتذہ محمد خان، سید خلیل اور فقیر حسین پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ نامعلوم حملہ آوروں کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ سکول کے قریب واقع مہاجر کیمپ کی جانب فرار ہوئے، انکی تلاش جاری ہے۔ ادھر لنڈی کوتل میں شمان روڈ پر نصب بم پھٹنے سے پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور 2 اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثناء پشاور کے علاقے گڑھی بلوچ میں ایک گھر پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 2خواتین سمیت 5افراد زخمی ہو گئے جنہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں گلبہار کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امریکی قونصلیٹ کا سابق اہلکار فیصل سعید دم توڑ گیا۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔ دھماکے میں 6اہلکار شدید زخمی ہو گئے جبکہ مندوخیل میں فورسز نے کارروائی کرکے 4مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
پشاور : خودکش دھماکہ‘ تلاوت کرتی 4 خواتین‘ ہنگو میں فائرنگ سے تین اساتذہ جاں بحق
Feb 11, 2014