اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے پارلیمانی امور نے متفقہ طور پر سینیٹر محمد جہانگیر بدر کو مجلس قائمہ برائے پارلیمانی امور کا چیئرمین منتخب کر لیا۔ پیر کو مجلس قائمہ کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں سینیٹرز ڈاکٹر محمد جہانگیر بدر، حاجی غلام علی، چودھری جعفر اقبال اور میاں رضا ربانی کے علاوہ سینٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ حاجی غلام علی نے جہانگیر بدر کا نام کمیٹی کے چیئرمین کیلئے تجویز کیا اور چودھری محمد جعفر اقبال نے تائید کی۔ کمیٹی کے چیئرمین کا انتخاب قانون کی شق 175(1)کے تحت عمل میں لایا گیا۔