اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان عراق کو تربیت اور ترقی کے شعبوں میں مدد فراہم کریگا، پاک فضائیہ دوست ممالک کے اہلکاروں کی تربیت کا وسیع تجربہ رکھتا ہے اور عراقی فضائیہ کی جدید خطوط پر ترقی میں مدد دیگا۔ انہوں نے یہ بات عراقی فضائیہ کے کمانڈر جنرل انور حماد امین احمد احمد کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ بھی موجود تھے۔ بعدازاں پاک فضائیہ اور عراقی ایئر فورس نے 2 معاہدوں پر دستخط کئے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار بھی معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔ پاک فضائیہ عراقی فضائی دفاع کے اہلکاروں کو جدید فضائیہ کے تمام شعبوں میں اور فضائی عملہ کو تربیت فراہم کرے گی۔ اس معاہدہ پر فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ اور عراقی ایئر فورس کے کمانڈر جنرل انور حماد امین احمد احمد نے دستخط کئے۔ دوسرا معاہدہ عراق کو سپر مشاق طیارہ کی فروخت کے کنٹریکٹ سے متعلق تھا جس پر عراقی ایئر فورس کے کمانڈر اور پی اے سی کامرہ کے چیئرمین ایئر مارشل سہیل گل خان نے دستخط کئے۔ عراق کو سپر مشاق طیارہ کی فروخت پاکستان کی ایوی ایشن پراڈکٹس کی برآمدات میں اہم سنگ میل ہے۔ پاکستان عراق کو سپر مشتاق طیارے فراہم کرے گا جبکہ پاک فضائیہ عراقی فضائیہ کے عملے کی تربیت بھی کریگی اس حوالے سے دو معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔