آمریت کے خاتمے‘ جمہوریت کے استحکام میں عوام کارکنوں کا کردار تاریخ کا سنہری باب ہے : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ صدر مملکت سید ممنون حسین کی لاہور آمد پر پنجاب کابینہ ،اراکین اسمبلی اور پنجاب کے عوام کی جانب سے ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ صدر مملکت کا عہدہ وفاق پاکستان کے اتحاد اور ہم آہنگی کی علامت ہے۔ آمریت کے خاتمے کی جدوجہد اور جمہوریت کے استحکام میں عوام اور سیاسی کارکنوں نے جو کردار ادا کیا وہ تاریخ کا سنہری باب ہے۔ صدر ممنون حسین نے آمریت کے تاریک دنوں اور تاریک راتوں کے دوران جرات اور بہادری کا کردار ادا کیا۔ ایوان صدر میں ممنون حسین جیسی بہادر شخصیت کا ہونا تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ صدر ممنون حسین نے اپنے عمل سے جمہوری اقتدار کی پاسبانی کی اعلی مثال قائم کی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ رات ایوان وزیراعلی میں صدر مملکت سید ممنون حسین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، گورنر پنجاب چودھری سرور، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال، صوبائی وزرائ، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پنجاب کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔  شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر  سید ممنون حسین عہدہ سنبھانے کے بعد پہلی بار پنجاب کے دل لاہور آئے ہیں۔ لاہور پاکستان کا تہذیبی اور تاریخی مرکز ہے۔ جمہوری عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے میں سیاسی جماعتوں، میڈیا، سیاسی کارکنوں اور زندگی کے دیگر طبقات کا کردار قابل تعریف رہا ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ صدر ممنون حسین جیسی شخصیت ایوان صدر میں موجود ہے جنہوں نے ملک میں جمہوریت کے لئے بھرپور جدوجہد کی ہے اور آمریت کے جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں یوتھ فیسٹیول کا آغاز کیا ہے۔ چیلنجز اور مشکلات کے باوجود نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے اور یوتھ فیسٹیول کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کے بہت سے ممالک سے ٹیمیں یوتھ فیسٹیول میں حصہ لے رہی ہے۔ مجھے آپ کی ٹیم ممبر کی حیثیت سے چین کے دورہ کا موقع مل رہا ہے۔ میرا پختہ یقین ہے کہ صدر مملکت پاکستان کی ترقی، امن کے قیام اور ملک کا نام روشن کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ ذہنی انتشار، باہمی کشیدگی اور انتہا پسندی کے دور میں واصف علی واصف جیسی روحانی شخصیات کی تعلیمات عام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ مجھے لاہور آ کر انتہائی مسرت ہوئی ہے۔ شہبازشریف نے لاہور کا نقشہ بدل دیا ہے۔ پورے ملک میں ان کی کارکردگی کی مثالیں دی جا رہی ہیں۔ شہبازشریف کی مثالی کارکردگی دو سرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے لئے قابل تقلید ہے۔ تعلیم، صحت، امن وامان اور دیگر فلاحی منصوبوں پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے میٹروبس کا منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے۔ امید ہے کہ  شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ترقی کرے گا اور دوسرے صوبوں کے لئے مثال بنتا جائے گا۔ ہر شخص اپنی ذمہ داری نبھائے تو ملک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے پر گورنر چودھری سرور کی کاوشیں بھی لائق تحسین ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک مشکلات سے نکل کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ ارکان پنجاب اسمبلی کا شکرگزار ہوں جن کے ووٹ صدر مملکت کے عہدے پر پہنچانے میں میرے معاون ثابت ہوئے۔ یوتھ فیسٹیول کی کسی تقریب میں جب بھی بلایا جائے گا حاضر ہو جائوں گا۔ تقریب سے گورنر پنجاب چودھری سرور نے بھی خطاب کیا۔ بعدازاں وزیراعلی نے صدر مملکت کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے پانچویںجماعت کا انگریزی کا پرچہ آؤٹ ہونے کی افواہوں کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ اس ضمن میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ایگزامینیشن کمشن کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تین یوم میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔  دریں اثنا شہبازشریف نے معروف شاعر، دانشور اور مصورعلی افتخار جعفری  کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے تو ائرپورٹ پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے انکا استقبال کیا۔ صوبائی وزراء رانا مشہود احمد خان، چودھری محمد شفیق، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...