کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے نے سرکاری افسروں اور اہلکاروں کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کیلئے اثاثہ جات انکوائری کے نام سے یونٹ قائم کردیئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے کے یونٹ کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور اور کوئٹہ میں قائم کئے گئے ہیں۔ پرتعیش زندگی گزارنے والوں کی خفیہ تحقیقات بھی کی جائیں گی۔ یونٹ سرکاری افسروں اور اہلکاروں کی جائیداد، بنک بیلنس کی تحقیقات کریں گی۔ ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے کا افسر یونٹ کا انچارج ہوگا۔ الزامات ثابت ہونے پر مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔