این اے 137: ضمنی انتخاب میں مشرف اور ضیاء الحق کی باقیات کو شکست دینگے: منظور وٹو

Feb 11, 2015

لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی مشرف اور ضیاء الحق کی باقیات کو 15 مارچ کو ہونیوالے این اے 137 کے ضمنی انتخاب میں شکست فاش دیگی اور رائے  شاہجہاں بھٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائے گی۔ یہ بات صدر پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے  ننکانہ صاحب میں کارکنوں کے کنونشن میں تقریر کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے حکومتی وزراء کو متنبہ کیا کہ وہ یہاں جھنڈے والی گاڑیوں میں بیٹھ کر مت آئیں۔ اگر ایسا کیا گیا تو ان کا موثر  سدباب کیا جائیگا۔ انہوں نے چودھری منظور احمد ڈویژنل کوآرڈینٹیر لاہور ڈویژن کو کہا کہ وہ اس ضمن میں الیکشن کمشن آف پاکستان سے شکایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پیپلز پارٹی کے پچھلے پانچ سالہ دور حکومت میں اگرچہ حکومت کارکنوں کی اُس طرح خدمت نہیں کر سکی جس طرح کرنی چاہئے تھی۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قائداعظم کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے لیڈر ہیں جنہوں نے مزدوروں، کسانوں، ہاریوں اور غرباء کے حقوق کے لئے کامیاب جدوجہد کی۔ اس سے قبل رائے شاہ جہاں بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ کے لوگ اس شہر کو لاڑکانہ کی طرح پیپلز پارٹی کا گڑھ بنائے رکھیں گے۔ اس موقع پر سردار انعام الحق ڈوگر، سید ابرار حسین شاہ، رائے اسلم کھرل، چودھری منظور ڈویژنل کوآرڈینیٹر سے بھی خطاب کیا۔ میاں منظور احمد وٹو کے ہمراہ سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ، سہیل ملک، منظور مانیکا، راجہ عامر، عابد صدیقی، علامہ یوسف اعوان  اور ڈاکٹر خیام بھی موجود تھے۔ منظور احمد وٹو نے کہا کہ شریف حکومت نے 72 ارب روپے سے 8فیصد آباد ی کے شہر لاہور میں جنگلا بس بنائی اگر یہی رقم پنجاب کے تمام اضلاع میں تقسیم کر دی جاتی تو پورے پنجاب کی سڑکیں کارپٹ بن سکتی تھیں، پیپلز پارٹی کے دور میں تو گرمیوں میں لوڈشیڈنگ ہوتی تھی مگر مسلم لیگ (ن) کے دور میں تو سردیوں میں بھی بجلی نہیں آتی، شہباز شریف اقتدار سے قبل پنکھا لے کر مینار پاکستان آکر ڈرامے بازی کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 137میں ضمنی الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ چودھری تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کا دور ناکامیوں کا دور ہے، ملک میں بجلی، گیس اور پٹرول کا بحران ہے حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

مزیدخبریں