قدرتی وسائل بروئے کار لا کر خوشحالی کی منزل حاصل کر سکتے ہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز چنیوٹ، رجوعہ میں معدنی وسائل کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں چنیوٹ، رجوعہ میں معدنی وسائل کی تلاش و تصدیق کے منصوبے میںہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔ شہبازشریف نے چنیوٹ، رجوعہ میں معدنی وسائل کے منصوبے پر اب تک ہونیوالی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ، رجوعہ میں معدنی وسائل کی تلاش کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ منصوبہ پاکستان خصوصاً پنجاب کی معیشت کیلئے ایک انقلابی حیثیت رکھتا ہے جس کی تکمیل سے قومی معیشت کو استحکام ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے جنہیں بروئے کار لاکر ناصرف قومی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے بلکہ ترقی وخوشحالی کی منزل بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کی تہہ میں چھپی معدنی دولت ہماری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنا سکتی ہے۔ زمین میں چھپے یہ خزانے پاکستان کیلئے تیل اور گیس سے کم نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے اس منصوبے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی تیزرفتاری کے ساتھ کام کو آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ، رجوعہ میں خام لوہے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت انتہائی اطمینان بخش ہے۔ چنیوٹ، رجوعہ میں خام لوہے کے نمونوں کی تصدیق بین الاقوامی لیبارٹریوں سے کرائی گئی ہے۔ دریافت ہونے والے ذخائر کے نمونوں میں 65 فیصد تک اعلیٰ کوالٹی کے لوہے کی تصدیق ہوئی ہے جو پوری قوم کیلئے ایک خوشخبری ہے۔ سابق دور آمریت کے دوران پنجاب کے حکمرانوں نے ذاتی لالچ اور ملکی مفادات کو یکسر نظر اندازکرتے ہوئے اس منصوبے کے ساتھ گھنائونا کھیل کھیلا اور زمین کی تہہ میں موجود خزانوں سے استفادہ کرنے کیلئے کوئی کاوش نہیں کی گئی بلکہ اس ضمن میں مجرمانہ غفلت برتی گئی لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر شفاف طریقے سے بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیں اور چینی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معدنی دولت کو استعمال میں لانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو چنیوٹ ۔رجوعہ سے ملنے والے خام لوہے اور تانبے کے نمونے بھی دکھائے گئے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تاریخ کے دوراہے پر کھڑا ہے، پوری قوم دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کا پختہ عزم کر چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف صرف جنگ جیتنا ہی واحد آپشن ہے، حکومت سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک کو مسائل کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے، قوم سانحہ پشاور کا زخم ابھی نہیں بھولی، دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ دہشت گردی کیخلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے سخت فیصلے کئے گئے ہیں۔ پنجاب میں بعض قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزائوں کو سخت کیا گیا ہے۔ ملک کی ترقی اور امن کے دشمنوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جا رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح پاکستانی عوامی کی ہو گی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پیر صدر الدین راشدی نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کے دوران دیار غیر میں محنت کرکے وطن عزیز کے لئے قیمتی زرمبادلہ کے حصول کا باعث بننے والے پاکستانیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت سے قومی معیشت کی ترقی میں مدد مل رہی ہے۔ مزید برآں شہبازشریف سے گزشتہ روز چین کی معروف توانائی کمپنی سائنو ہائیڈرو کے وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو درپیش توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ حکومت سستے ذرائع سے توانائی کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے اسلام آباد میں پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جسپرمولر سورنسن نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پنجاب میں جاری میگاپراجیکٹس اور عوامی بہبود کے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ڈنمارک میں مختلف سطح پر تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے روشن امکانات ہیں جن سے فائدہ اٹھانے تجارتی وفود کے دورے سودمند ثابت ہو سکتے ہیں۔ مزید برآں شہبازشریف نے صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ انجم چودھری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...