اسلام آباد (آن لائن) لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز اور ان کی اہلیہ کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے عدالت میں مزید ایک درخواست دائر کر دی گئی ۔درخواست سول سوسائٹی کے نمائندے خرم ذکی نے سیشن جج کی عدالت میں دائر کی۔ سیشن جج نے درخواست ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف کو ارسال کر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ لال مسجد کی انتظامیہ اور طالبات نے سوشل میڈیا پر داعش کی حمایت کیلئے ویڈیو جاری کی جس میں اسامہ بن لادن اور لال مسجد کے شہداء کا بدلہ لینے کیلئے عوام کو اکسایا گیا۔ درخواست گزار نے مزید بتایا کہ لال مسجد کے سابق خطیب اور ان کی اہلیہ نے ویڈیو جاری کرنے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی۔ لہٰذا داعش کی حمایت کر کے عوام کو آرمی کے خلاف اکسانے پر دونوں میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے تاہم ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او آبپارہ سے گیارہ فروری کو جواب طلب کر لیا ہے۔