لاہور (خبر نگار) حکومت پنجاب نے صوبے کے بلدیاتی اداروں کو رواں مالی سال کے آخری 6 ماہ کا بجٹ تیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس مقصد کیلئے عارضی بنیادوں پر پنجاب فنانس کمشن ایوارڈ کر دیا گیا ہے۔ یہ فنانس کمشن 6 ماہ کیلئے بلدیاتی اداروں میں وسائل کی تقسیم کا ذمہ دار ہوگا۔ محکمہ بلدیات کی طرف سے گذشتہ روز میئر لاہور، تمام میونسپل کارپوریشنوں کے میئر حضرات، ضلع کونسلوں کے چیئرمینوں، میونسپل کمیٹی اور یونین کونسلوں کے چیئرمینوں کو بھیجی گئی۔ چھٹی میں کہا گیا ہے وہ فوری طور پر بجٹ تیار کر کے اپنے اپنے ایوانوں سے بجٹ منظور کرائیں۔ بجٹ کی تیاری کیلئے پنجاب لوکل گورنمنٹ/ یونین کونسل بجٹ، اکاؤنٹس اینڈ کنٹریکٹ آف بزنس رولز 2017ء بھی جاری کیا جا رہا ہے۔ بجٹ میں 2 جنوری سے بجٹ کی تیاری تک ہونیوالے تمام اخراجات بھی شامل کئے جائیں گے۔ چھٹی میں یہ بھی لکھا گیا ہے بلدیاتی اداروں کے بجٹ کے آڈٹ کیلئے حکومت آزاد آڈٹ اتھارٹی بھی قائم کی جا رہی ہے۔
پنجاب: بلدیاتی اداروں کو مالی سال کی دوسری ششماہی کا بجٹ فوری تیار کرنے کی ہدایت
Feb 11, 2017