گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) مستقل نہ کیے جانے پر گیپکو ملازمین نے چیف آفس کے باہر احتجاج کیا۔ پو لیس نے 5 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔ تفصیل کے مطابق گیپکو میں دو سال قبل 773 افراد کو کنٹریکٹ پر اسسٹنٹ لائن مین بھرتی کیا گیا تھا، جنہوں نے دو سال گزرنے کے بعد بھی مستقل نہ کرنے کے خلاف گیپکو چیف آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اورگیپکو انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے جی ٹی روڈ پر ٹریفک بلاک کر دی۔ اطلاع ملنے پر ماڈل ٹائون پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک کھلوانے کیلئے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے لیکن مظاہرین ٹس سے مس نہ ہوئے جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہلکا لاٹھی چارج کرتے ہوئے 5 گیپکو ملازمین محسن رضا، شمریز اقبال ،ارسلان ،امتیاز علی اور سید عبدالباسط کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا پولیس کے ایکشن میں آنے پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا جس پر پولیس نے ٹریفک کو بحال کروا دیا تاہم پولیس نے جی ٹی روڈ بلاک کرنے پر حراست میں لئے گئے پانچ گیپکو ملازمین کیخلاف نامزد اور60 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔