پشاور/ کوئٹہ ( صباح نیوز + آئی این پی) سپیشل پولیس یونٹ نے پشاور کوبڑی تباہی سے بچالیا، رنگ روڈ سے 3 دہشت گرد گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیاگیا۔ کوئٹہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا۔ سپیشل پولیس یونٹ نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے رنگ روڈ سے3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے گاڑی سمیت5کلوبارود اور نٹ بولٹس بھی برآمد کرلئے گئے۔ سپیشل پولیس یونٹ کے مطابق دہشت گردوتخریب کاری کی غرض سے پشاورمیں داخل ہورہے تھے۔ ان دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ادھر کوئٹہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 20کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کوناکارہ بناکر تفتیش شروع کردی۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ پر واقع بلال ٹائون میں مشکوک شے کی نشاندہی پر پولیس نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو اطلاع دی۔ بی ڈی ایس عملے نے موقع پر پہنچ کر 20کلو گرام ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنا کر قبضے میں لے لیا۔ دوسری جانب سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر 2مشکوک افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاہے۔