فیصل آباد ، ساہیوال میں بسنت ، ڈور پھرنے، پتنگیں لوٹتے11 افراد زخمی

فیصل آباد/ ساہیوال/ راولپنڈی (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار + آن لائن) فیصل آباد، ساہیوال اور راولپنڈی میں گزشتہ روز بسنت منائی گئی۔ ڈور پھرنے اور پتنگیں لوٹنے کے دوران 11 افراد زخمی ہو گئے، منچلے ہلڑبازی کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں بسنت کے موقع پر مزید تین نوجوان گلے میں ڈور پھرنے سے زخمی ہوگئے۔ نڑوالا روڈ پر بیس سالہ آصف، 22 سالہ طارق اور عابد نامی شخص موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ اس دوران گلے پر ڈور پھرنے سے وہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران 148 پتنگ بازوں کو گرفتار اور بڑی مقدار میں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کرکے ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 25 سالہ عالیہ خاوند کے ساتھ نورپور کے علاقے میں جا رہی تھی جو ڈور پھرنے سے زخمی ہو گئی۔ پولیس نے پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کیا اور منچلوں کے رنگ میں بھنگ ڈال دی۔ پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 148 پتنگ بازوں کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں پتنگیں اور ڈور برآمد کرلیں۔ ادھر ساہیوال میں بسنت پر پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا سلسلہ جمعرات کی رات کو شروع ہوا جو گزشتہ روز سارا دن جاری رہا گھروں کی چھتوں پر چڑھ کر اور گلیوں بازاروں میں کھلے عام پتنگ بازی ہوتی رہی، پتنگ بازی کے دوران پتنگیں لوٹتے ہوئے گرنے سے 2طالب علموں سمیت 7بچے شدید زخمی ہو گئے، تمام زخمیوںکو سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیا جن میں دو بچوںکی حالت تشویشناک ہے۔ آئی این پی کے مطابق سیالکوٹ میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی کرنے والے 6 پتنگ بازوں کو پتنگوں اور ڈوروں سمیت گرفتار کر لیا گیا جن میں سفیان، فراز شامل ہیں۔ آن لائن کے مطابق راولپنڈی میں پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں نے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کے باوجود راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ ہفتہ، اتوار کو راولپنڈی میں پتنگ بازوں نے بسنت سے پہلے پری بسنت کے لئے تیاریاں مکمل کرلیں جبکہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے عملی کارروائی نہ ہونے کے باعث ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر آسمان پتنگوں سے بھرے رہتے ہیں۔ مری روڈ پر ایک شخص اسلام جاتے ہوئے چاندنی چوک فلائی اوور پر ڈور آنکھ پر پھرنے سے زخمی ہوگیا ۔گزشتہ 3 روز میں 47 مقدمات میں 55 افراد کو نامزد کیا جن میں سے 48 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3 روز کے دوران مختلف چھاپوں میں 2098 پتنگیں اور 416 ڈوریں برآمد کی گئی ہیں۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پولیس نے ماڈل ٹائون اور سیٹلائٹ ٹائون کے علاقوں میںپانچویں جماعت کے طالبعلم احمد ،رمضان ،عثمان ،عرفان ،ذیشان ،قاسم سمیت20 پتنگ بازوں کو گرفتار کر کے پتنگیں ،ڈور کی چرخیاں برآمد کرلیں۔ طالبعلم احمد نے کہا کہ وہ چھت پر بیٹھ کر اسلامیات کے پیپر کی تیاری کر رہا تھا ماڈل ٹائون پولیس اہلکار آئے اور اسے اٹھا کر ساتھ تھانے لے آئے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...