پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد عرفان کو فکسنگ سکینڈل سے کلیئر کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرپشن سکینڈل کی تحقیقات میں پی سی بی نے محمد عرفان کو کلیئر قرار دے دیا ہے اور وہ تمام الزامات سے بری ہو گئے ہیں‘ جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے انہیں دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے تحقیقات کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے انہیں لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ قبل ازیں فاسٹ باﺅلر عرفان کو بھی فکسنگ کے الزام میں معطل کرکے تحقیقات کی گئی تھی اور انٹی کرپشن یونٹ نے ان کا موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا تھا۔ ادھر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ، پی ایس ایل پر سوالیہ نشان لگ گیا، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل شرجیل خان، خالد لطیف اور محمد عرفان کے بعد پی سی بی نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے اور 2 مزید کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کرپشن سکینڈل سامنے آنے کے بعد کراچی کنگز کے شاہ زیب حسن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذوالفقار بابر کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے شاہ زیب حسن کو فیلڈ سے بلا کر پوچھ گچھ کی گئی جبکہ ان کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذوالفقار بابر کے خلاف بھی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے اور قوی امکان ہے کہ مزید کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آ سکتے ہیں۔