ایف بی آر نے 2018-19کے بجٹ کیلئے ٹیکس تجاویز طلب کر لیں

Feb 11, 2018

اسلام آباد(آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال دوہزار اٹھارہ انیس کے بجٹ کیلئے ٹیکس تجاویز طلب کر لیں۔ تجارتی تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کو خطوط جاری کر دیئے گئے۔ایف بی آر کی طرف سے تجارتی و کاروباری تنظیموں، ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور اسٹاک ایکسچیجز کی انتظامیہ کو لکھے گئے خطوط میں نئے مالی سال کے بجٹ کیلئے ٹیکس تجاویز مانگی گئی ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ٹیکس نیٹ بڑھانے اور آمدنی بڑھانے کیلئے بائیس فروری تک تجاویز فراہم کی جائیں۔ سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے علاوہ ٹیکس فراڈ اور جعلی انوائسز کی روک تھام کیلئے بھی تجاویز مانگی گئی ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس قوانین کو آسان بنانے اور فرسودہ شقوں میں تبدیلی کیلئے ٹھوس سفارشات اور تجاویز بروقت فراہم کی جائیں۔ مجوزہ تجاویز کو نئے مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنانیکی کوشش کی جائیگی۔

مزیدخبریں